نئی دہلی،22فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے آگسٹا ویسٹ لینڈ گھوٹالے میں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی طرف سے سابق ایئر چیف ایس پی تیاگی، ان کے بھتیجے سنجیو تیاگی اور وکیل گوتم کھیتان کو ضمانت دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 15مارچ تک کے لئے ٹال دی ہے۔آپ کو بتا دیں کہ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے آگسٹا ویسٹ لینڈ اسکینڈل کے الزام میں سابق فضائیہ سربراہ ایس پی تیاگی کو 26دسمبر کو جبکہ ان کے بھتیجے سنجیو تیاگی اور وکیل گوتم کھیتان کو چار جنوری کو مشروط ضمانت دی تھی،تینوں ملزمان کو پٹیالہ کورٹ کی طرف سے ضمانت دئے جانے کی سی بی آئی نے دہلی ہائی کورٹ میں مخالفت کی ہے،جس پر ہائی کورٹ نے تینوں کو نوٹس بھیجا ہے۔ایس پی تیاگی کے خلاف برطانیہ کی کمپنی آگسٹا ویسٹ لینڈ سودے میں 450کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔سی بی آئی نے کورٹ کو بتایا تھا کہ ان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ آگسٹا ڈیل میں رشوت لی گئی تھی۔آگسٹا نے ہمیشہ ہی بروکرز کے ذریعے ڈیل کرنے کی کوشش کی۔آگسٹا سے ڈیل کرتے وقت ڈیمو کے لئے ہیلی کاپٹر تیار بھی نہیں تھا۔تیاگی کی مدت کے دوران ان کے خاندان کی طرف سے کافی زرعی زمین خریدی گئی جس کی جانچ ضروری ہے۔